کربلائی افکار کی حامل قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا نے اپنی بے مثال اور لا زوال قربانی کے باعث دین اسلام کی بقاء کا اہتمام کیا، خوف کے بت کو توڑا اور یزیدی فکر اور یزیدی سلطنت کو نشان عبرت بنا دیا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اپنی بے مثال جرئت اور لازوال قربانی کے سبب آج دنیا کے ہر رنگ نسل اور مذہب کے انسان کے لئے محبوب ترین شخصیت بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ و امام بارگاہ امام مہدی علیہ السلام مولا داد اور مہدی آباد گولاٹو میں سوئم شہدائے کربلا کی مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مظلوم فلسطینی قوم نے راہ خدا میں جہاد اور شہادت کا درس کربلا سے لیا ہے۔ کربلائی افکار کی حامل قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ اسرائیلی ظلم و بربریت کے سامنے فلسطینیوں کی استقامت نے دنیا کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری مقصد کربلا کے تسلسل کا نام ہے، لہٰذا عزادار کو وقت کے شمر اور یزید کو پہچانتے ہوئے معرکہ حق و باطل میں اہل حق کے ساتھ صف اول میں کھڑا رہنا چاہئے۔ کربلا ماضی کا قصہ نہیں، بلکہ ہر دور کے انسان کی ضرورت ہے۔ عصر حاضر میں حق و باطل کی صف بندی کو پہچانتے ہوئے اہل حق کے ساتھ کھڑا ہونا ہر حسینی پر واجب ہے۔