انا للہ وانا الیہ راجعون، معروف نوحہ خواں ناصرحسین زیدی کا انتقال ہوگیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہنشاہ نواء سید ناصر حسین زیدی طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جاملے۔ ناصر حسین زیدی طویل عرصہ سے بیمار تھے اور کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کا انتقال اردو نوحہ خوانی کی صنف کا ایک ایسا نقصان ہے جس کا ازالہ مدتوں تک ہونا مشکل ہے۔
سید ناصرحسین زیدی 80 اور 90 کی دہائی میں ندیم سرور کے عصر میں اردو نوحہ خوانی کے افق پر ایک روشن ستارے کی مانند ابھرے۔ پیاسی ہے سکینہ ؑ کے عنوان سے شہرہ آفاق کلام دنیا بھرمیں ان کی پہنچان بنا۔انہوں نے ناصرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک بھی اپنی پرسوز آواز سے فرشِ عزائے حسینؑ کی خوب خدمت انجام دی۔
یہ خبر بھی پڑھیں انجمن حسینی الفقراء کے سالار نوحہ خواں بابا سائیں رحمان انتقال کرگئے
انہوں نے اپنے بھتیجے سید رضا عباس زیدی کی بھی شاندار تربیت کی ۔ رضا عباس زیدی آج پاکستان کے بڑے اور نامور نوحہ خوانوں کی فہرست میں شامل ہیں، جن کی آواز میں اپنے چچا سید ناصرحسین زیدی کا پرسوز لہجہ خصوصی طور پر نمایاں نظر آتا ہے ۔
سیدناصرحسین زیدی مرحوم معروف ذاکر اہل بیت ؑ علامہ عرفان حیدر عابدی مرحوم اور علامہ فرقان حیدر عابدی کے برادر نسبتی تھے ۔ ان کا جسد خاکی امام بارگاہ شہدائے کربلا منتقل کیا جارہا ہے ۔ مرحوم کی نماز جنازہ کا اعلان تھوڑی دیر بعد اہل خانہ کی جانب سے متوقع ہے ۔