شمالی وزیرستان چیک پوسٹ پر حملہ، 5 دہشتگرد ہلاک ایک جوان شہید
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک اہلکار شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کے مغرب میں 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جس پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے حملے کا موثر جواب دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے بھرپور جوابی حملے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید اور 3 جوان زخمی ہوئے۔ واقعے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے 43 سالہ شہید حوالدار اکبر حسین کا تعلق تحصیل دیرکوٹ ضلع باغ سے تھا، شہید اہلکار نے پسماندگان میں بیوہ، 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔