غالی مسلمان نہیں، شیعہ اپنے دامن سے اس غلاظت کو دھوئیں، علامہ جواد نقوی
شیعہ نیوز:جامعہ عروة الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے جامعہ مسجد بیت العتیق لاہور میں خطبہ جمعہ میں حالات حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں کو حنفیوں، شافعیوں، جعفریوں اور مالکیوں نے غیر مسلم قرار دیا۔ قادیانی حنفی تھے لیکن اس کے باوجود حنفیوں نے ان کو غیر مسلم قرار دیا۔ قادیانیوں سے بدتر غالی ہیں۔ قادیانی خدا کے منکر نہیں ہیں بلکہ خاتم النبینﷺ کے منکر ہیں اور اس قدر کافر قرار دیئے گئے ہیں کہ مسلمانوں کے تمام مسالک ان سے نفرت کرتے ہیں، لیکن دوسری طرف غالی ان سے کہیں سے زیادہ بدتر ہیں، کیونکہ وہ خدا کی الوہیت کے منکر ہیں، لیکن مسلمانوں میں ان کیلئے وہ احساس نہیں پایا جاتا، جو قادیانیوں کیلئے نفرت پائی جاتی ہے۔
علامہ جواد نقوی نے صدر مملکت عارف علوی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے صدر نے کہا ہے کہ دنیا عمران خان کی مرید ہو جائے، یہ بھی غلو کی ایک مثال ہے۔ سیاست میں لیڈروں کے بارے میں بھی غلو پایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض طبقات اولیائے کرام کے بارے بھی غلو کرتے ہیں، جو غالی طبقہ سے بھی کئی گنا زیادہ غلو ہوتا ہے۔ علامہ جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ شیعہ اپنے دامن سے اس غلاظت کو دھوئیں، کیونکہ غالی مسلمان نہیں ہیں اور اسلام سے ان کا کوئی دور دور تک تعلق نہیں ہے۔ غالی جتنا بھی کفر بکتے ہیں، اس کا تشیع سے کوئی تعلق نہیں ہے۔