
پاکستان نہیں حکومت کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز:متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان نہیں حکومت کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہے، پاکستان کو معاشی اور سیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار کرنا سوچی سمجھی سازش ہے، انتخابات سے بھاگنا حکمران طبقہ کا وطیرہ بن چکا ہے۔ شہباز شریف اعتماد کا ووٹ لیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ شہباز شریف کے پاس نمبر گیم پوری نہیں۔ فوری انتخابات ہی ملک کو گھمبیر صورتحال سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران دہشتگردوں کو شکست دینے کی بجائے ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ نواز شریف کبھی واپس نہیں آئیں گے۔
ملتان سے لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات جتنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ رانا ثنااللہ کی بھاگ دوڑ اب کام نہیں آئے گی۔ حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کو مفلوج کرے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردانہ کارووائیاں قابل مذمت ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں میں اکیلے عمران خان کے مقابلے کی سکت نہیں۔ حکمرانوں نے غریب کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو گئیں۔ پاکستان ہمشہ قائم رہنے کیلئے بنا ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔