انصاراللہ کا عملی طور پر صہیونی فوج کیخلاف جنگ میں شامل ہونیکا باضابطہ اعلان
شیعہ نیوز:سعودی جارحیت کیخلاف برسرپیکار یمن کے لشکر انصار اللہ نے فلسطینی مظلومین کی حمایت میں امریکہ اور اسرائیل کیخلاف باضابطہ اعلان جنگ کرتے ہوئے جنگ میں شامل ہونیکا بیان جاری کیا ہے۔ عرب ٹی وی المسیرہ کے مطابق یمنی فوج انصار اللہ کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ انصاراللہ نے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی اہداف پر حملے کئے ہیں، اس طرح انصاراللہ عملی طور پر صہیونی فوج کے ساتھ جنگ میں داخل ہوگئی ہے۔ جنرل سریع نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ہونے والے وحشیانہ حملوں کے مقابلے میں اللہ پر توکل کرتے ہوئے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اور دفاع کے لئے میدان میں داخل ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرون مقبوضہ فلسطین میں صہیونی تنصیبات پر فائر کئے ہیں۔ ان کہنا تھا کہ یہ حملے غزہ میں صہیونی بربریت کا شکار ہونے والے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کئے گئے ہیں۔ جنرل یحیی سریع نے مزید کہا کہ جب تک صہیونی حملے بند نہیں ہوتے ہم حملہ کرتے رہیں گے اور بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون کے ذریعے صہیونی فوج کو نقصان پہنچائیں گے، فلسطین کے بارے میں ہمارا موقف اصولی اور واضح ہے کہ فلسطینی عوام کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو چیز خطے کی سیکورٹی اور سلامتی کے لئے خطرے کا باعث ہے، غاصب صہیونیوں کے غزہ پر حملے اور نسل کشی ہے۔