عمان کے نئے سلطان کا شیخ زید النیہان سے ہاتھ ملانے سے انکار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عمان کے نئے سلطان ہیثم بن طارق کا شیخ محمد بن زید سے ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس پر دونوں ممالک کے ناقدین تعلقات میں خرابی اور سفارتی آداب کو ملحوظ نہ رکھنے پر تنقید کر رہے ہیں۔
ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان نے مسقط کے شاہی محل پہنچ کر سلطنت عمان کے سلطان قابوس بن سعید کی وفات پر نئے سلطان سے تعزیت کی اور گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔
شاہی محل آمد پر معزز مہمانان کا نئے سلطان شیخ ہیثم بن طارق نے استقبال کیا اور فرداً فرداً مصافحہ کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مختصر گفتگو کی جس کے بعد شیخ محمد بن زید روانہ ہونے لگے تو رسمی مصافحہ کے لیے ہاتھ آگے بڑھایا تاہم شیخ ہیثم بن طارق نے ہاتھ ملانے سے انکار کیا اور آگے کی طرف چلنے لگے۔
بعض ناقدین نے ویڈیو کلپ کو سوشل میڈیا پر وائرل کر کے دونوں ممالک کے تعلقات پر سوالات اٹھائے تاہم ناقدین عمانی رسم و رواج سے نابلد تھے۔خلیجی خطہ کی روایات کے مطابق اور عمانی رسم و رواج کے تحت اپنے مہمان کی تعظیم کرنے والا میزبان اس وقت تک ہاتھ پیچھے رکھتا ہے جب تک مہمان دروازے تک نہ پہنچ جائے۔اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے نئے سلطان نے بھی معزز مہمان سے روانگی کے وقت ہاتھ ملانے سے انکار کیا جسے ناقدین نے کچھ اور رنگ دے دیا۔
شیخ محمد بن زید نے شیخ ہیثم بن سلطان کا بازو پکڑ کر اصرار کیا کہ وہ انہیں اجازت دیں اور تعزیت کے لیے آنے والے دیگر مہمانوں سے ملاقات کریں۔ایسا ہی ایک واقعہ سلطان قابوس کے دور میں پیش آیا جب مرحوم نے شیخ زید (مرحوم) کو رخصت کرتے ہوئے اس وقت تک ہاتھ ملانے سے انکار کیا جب تک مہمان طیارے تک نہ پہنچ گئے۔