قرآن کو چھوڑنے کی وجہ سے فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں کی مدد نہیں کی جارہی، علامہ ریاض نجفی
شیعہ نیوز: حوزہ علمیہ جامعة المنتظر کی دو روزہ72 سالہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ آخری دن حمایت از مظلومین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ حافظ ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ قرآن مجید ہر مسئلے میں مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے۔ قرآن کو چھوڑنے کی وجہ سے فلسطین اور کشمیر کے مظلوموں کی مدد نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا انقلابِ اسلامی ایران نے اہل تشیع کو عزت بخشی ہے۔ ایران نے قرآنی احکامات کو نافذ کیا ہے۔ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ایران میں نماز با جماعت اور قرآن مجید کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا جامعہ المنتظر کے زیراہتمام 42 مدارس پاکستان میں چل رہے ہیں۔ حوزہ علمیہ کے پرنسپل مولانا صفدر حسین نجفی نے قومی امور میں بہت کام کیا۔ ملی قیادت اور تنظیموں کی سرپرستی کرنیوالے تھے۔ ملک بھر میں جامعہ المنتظر کے فارغ التحصیلان اسلامی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ علماء و ذاکرین میں کوئی اختلاف نہیں۔ علماء کو چاہیے کہ ذاکرین کی تربیت کریں۔ وہ عزاداری کو لوگوں تک پہنچانے والے ہیں۔ ان کا کہنا تھا مثبت کام کریں، کسی پر تنقید نہ کریں۔ حافظ ریاض نجفی نے کہا سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مدارس کو تقسیم کیا، جس کا سب سے زیادہ شکار بریلوی اور دیوبندی ہوئے۔ اہلحدیث رہنما علّامہ ضیاءاللہ شاہ بخاری نے کہا مسلمانوں میں اختلاف افسوسناک ہے۔ شیعہ سنی کا اصول دین پر اتفاق ہے تو فرقے کیسے؟ ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران لاہور ڈاکٹر علی اصغر مسعودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا حزب اللہ کے سربراہ سید مقاومت حسن نصراللہ نے غزہ کے مظلوموں کی مدد کی اور اپنی جان بھی قربان کر دی۔ مگر فلسطین کی آزادی کی تحریک ختم نہیں ہوگی۔ ان شاءاللہ، اسرائیل برباد ہوگا۔
قونصل جنرل ایران مہران موحد فر کا کہنا تھا اسلامی جمہوری ایران مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہے۔ اسرائیل کو شکست ہو گی۔ کانفرنس سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین علامہ راغب نعیمی، علامہ افتخار حسین نقوی، علامہ عارف حسین واحدی، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ محمد افضل حیدری، علامہ مرید حسین نقوی، علامہ محمد حسین اکبر، لیاقت بلوچ، مولانا اظہر حسن خان، مولانا ناصر حسین نجفی، علامہ باقر گھلو، مولانا مشتاق حسین عمرانی، مفتی عاشق حسین، مولانا انیس الحسنین خان، مولانا حسین علی نجفی، علامہ کرم علی حیدری، علامہ محسن مہدوی، مولانا اظہر عباس شیرازی، مولانا ڈاکٹر یعقوب بشوی، مولانا لعل خان توحیدی، مفتی نزاکت حسین کاظمی، خواہر ساجدہ زینب، خانم افشین زینب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
جامعة المنتظر سے فلسطین کی حمایت میں ریلی بھی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت علامہ محمد افضل حیدری، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ مرید نقوی اور دیگر رہنماوں نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطین کی حمایت میں نعرے بازی کی۔ ریلی سے شیعہ علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا فلسطینیوں نے طوفان الاقصیٰ شروع کر کے بہت سے چہروں سے نقاب ہٹا دیئے ہیں۔ اِنسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطین پر اس لئے خاموش ہیں کہ امریکہ انہیں فنڈنگ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا فلسطین کی جنگ نے ثابت کر دیا، کچھ حسینی ہیں اور کچھ یزیدی ہیں۔