ہمارے نظر نہ آںیوالے ڈرونز ہر جگہ کی جاسوسی کر سکتے ہیں، جنرل حاجی زادہ
شیعہ نیوز: میلاد با سعادت امام حسین(ع)، حضرت ابالفضل العباس(ع) و امام سجاد(ع) کے موقع پر ایران کی قومی احتساب عدالت کے اراکین نے انقلابی گارڈز کے ایرو سپیس یونٹ کی موجودگی میں اس فورس کی جدید ٹیکنالوجی کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر سپاہ پاسدارن انقلاب کی ایرو سپیس ٹیکنالوجی کے چیف "جنرل امیر علی حاجی زادہ” نے قومی احتساب عدالت کے اراکین کو خوش آمدید کہا، انہیں اعیاد شعبانیہ کی مبارک دی اور کہا کہ ہائبرڈ وار کے مقابلے میں ہماری صلاحیتیں ناقابل تصور ہیں۔ جنرل امیر علی حاجی زادہ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بعث حکومت کے ساتھ جنگ کے وقت ہم صرف 27 کیلو میٹر کے دائرے تک مار کرنے والے گولے رکھتے تھے۔ لیکن آج ہم ایک ایسے مقام تک پہنچ چکے ہیں کہ دہشت گرد امریکی فورسز بھی ہمارے مقابلے سے کتراتی ہیں اور صراحت کے ساتھ کہتی ہیں کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران سے الجھنا نہیں چاہتے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وہ ایران کی دفاعی صلاحیت کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ جنرل امیر علی حاجی زادہ نے کہا کہ ڈیفنس، میزائل اور ڈرون کے شعبوں میں ہمارا شمار دنیا کی طاقتوں میں ہوتا ہے۔ اس وقت ہم سمندر میں کسی بھی متحرک ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں یا اپنے جدید ترین نظر نہ آنے والے ڈرون کے ذریعے کسی مقام کی بھی جاسوسی کر سکتے ہیں۔