ہمارا احتجاج عمران خان کی کال تک جاری رہے گا، علی امین گنڈاپور
جب بھی جلسہ کرنے کی بات کرتے ہیں اجازت نہیں ملتی، احتجاج کی بات کرتے ہیں تو ہمیں اجازت نہیں دی جاتی، نہ ہمیں عدالتوں سے انصاف مل رہا ہے، نہ ہی پارلیمان کے تقدس کا کوئی احترام رہ گیا ہے
شیعہ نیوز: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ ہمارا احتجاج ایک تحریک ہے جو بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی کال تک جاری رہے گا۔
مانسہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پرامن پارٹی ہے، پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کیلئے ملک میں قانون کی بالادستی، تحفظ ، حقیقی آزادی اور حقیقی جمہوریت کی بات کی لیکن بدقسمتی سے ڈھائی سال سے ہماری پارٹی کے ساتھ فسطائیت ، جبر اور ظلم کیا جا رہا ہے، ہم پر امن ہو کر اپنے حق اور جائز حقوق کی بات کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ بار کا محسن نقوی اور علی امین گنڈاپور سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ جب بھی جلسہ کرنے کی بات کرتے ہیں اجازت نہیں ملتی، احتجاج کی بات کرتے ہیں تو ہمیں اجازت نہیں دی جاتی، نہ ہمیں عدالتوں سے انصاف مل رہا ہے، نہ ہی پارلیمان کے تقدس کا کوئی احترام رہ گیا ہے، اسلام آباد میں پہلے جلسے کا اعلان کیا تو فسطائیت کی گئی، بانی پی ٹی آئی اور میں نے کہا ڈی چوک پر امن طریقے سے جائیں گے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کال آف تک دھرنا جاری رہے گا، ہمارا دھرنا جاری ہے اور یہ دھرنا بانی پی ٹی آئی کے اختیار میں ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ ہر وقت دھرنے میں عوام ہو، انہوں نے لوگوں کو گولیاں ماریں ، سیکڑوں لوگوں کو شہید کر دیا گیا، اگر پرامن طریقے سے جا رہے تھے تو راستے میں رکاوٹیں ڈال کر گولیاں کیوں برسائی گئیں، دھرنا ایک تحریک ہے ، گولیاں مار کر یا گرفتار کر کے نہیں چھوڑو گے تو لوگ اور طریقے سے آئیں گے، بانی پی ٹی آئی کی کال تک دھرنا جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مظاہرین پر فائرنگ کی گئی، دو کارکن جاں بحق، تحریک انصاف
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ورکرز کو سلام پیش کرتا ہوں، آپ جو جنگ لڑرہے ہیں یہ ہماری نسلوں کی جنگ ہے، آج بانی جیل میں ہے تو ہماری نسلوں کیلئے ہے، ہم اپنی خودداری،حقیقی آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، اگرہمارے لوگوں پر تشدد نہ ہوتا تو ہم بھی جواب نہ دیتے۔
علی امین گنڈا پور نے احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے جاں بحق ہونے والے کارکنوں کیلئے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ زخمیوں کا علاج بھی ہم کروائیں گے۔