ہماری نوجوان نسل گمراہی کی جارہی ہے، مولانا مسرور عباس انصاری
شیعہ نیوز: جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے صدر اور وادی کشمیر کے ممتاز مذہبی رہنما مولانا مسرور عباس انصاری نے سرینگر میں دینی اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ آن لائن جوا اور اس طرح کی دیگر غیر انسانی، غیر اسلامی و غیر اخلاقی سرگرمیوں نے نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ مولانا مسرور عباس نے کہا کہ انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے منفی رحجان سے ہماری نوجوان نسل گمراہی کی جارہی ہے، جس سے معاشرے کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند اور مفاد پرست عناصر آج مختلف طریقوں سے نوجوانوں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تشویشناک بات یہ ہے کہ ہماری نوجوان لڑکیوں کو مختلف طریقوں سے بلیک میل کرکے ان کے عزت و عصمت کو نیلام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتا ہے اور قوم کو ترقی کی منزلوں پر لے جانے کے لئے ان ہی نوجوانوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ سماج کے مختلف طبقوں خاص طور پر والدین، دانشوروں، علماء کرام اور ذی شعور افراد کی بے حسی کے باعث ہمارے معاشرے میں نوجوان نسل جس دہانے پر کھڑی ہے سوائے بربادی اور تباہی کے کچھ امید نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان نسل کی تباہی اور گمراہی المیہ ہے لیکن سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ والدین اپنی اولاد کے بگڑنے پر فخر محسوس کررہے ہیں اور ان کو غیر اخلاقی و غیر اسلامی سرگرمیوں کے لئے کھلی چھوٹ دے رہے ہیں۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے سماج کے ان افراد کی قدر دانی کی جو شرپسند اور مفاد پرست عناصر کے ناپاک منصوبوں اور سکینڈلوں کو طشت از بام کرکے سینکڑوں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے عزت و عصمت کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ مولانا مسرور انصاری نے کشمیری معاشرہ کے تمام طبقوں خاص طور پر والدین سے تلقین کی کہ وہ نوجوان نسل کو بربادی سے بچانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نسل کی سرگرمیوں پر مکمل نظر گزر رکھیں اور انہیں غیر انسانی، غیر اخلاقی اور غیر اسلامی حرکات و سکنات سے باز رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔