
پاک بحریہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے، نیول چیف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک بحریہ جارحیت کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار پاکستان بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کریکس اور ساحلی علاقوں کا دورے اور اسپیشل سروس آپریشنل ٹریننگ سینٹر کے افتتاح کے موقع پر افسروں و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سربراہ پاک بحریہ نے بغیر پائلٹ چلنے والے ڈرونز کی لانچ سائٹ کا بھی دورہ کیا اور افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔حال ہی میں افتتاح کیا جانے والا ٹریننگ سینٹر پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دوست ممالک کو انسداد دہشتگردی اور دیگر پیشہ ورانہ مہارتوں سے متعلق ٹریننگ فراہم کرے گا۔یہ تربیتی مرکز عصرِ حاضر سے ہم آہنگ تمام جدید سہولیات سے لیس ہے۔
بعد ازاں امیرالبحر نے پاک بحریہ کے بغیر پائلٹ پرواز کرنے والے جہازوں کی سائٹ کا دورہ کیا اور انہیں ان جہازوں کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور جوانوں کے جذبے کو سراہا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اللّہ کے فضل سے پاک بحریہ جارحیت کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔