پاکستان و ایران کے درمیان مال بردار ریل سروس کا آغاز ہوگیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان مال بردار ریل سروس کا افتتاح ہوگیا ہے۔
منگل کو ٹرین سروس کے افتتاح کے موقعے پر وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ مال بردار ٹرین سے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔
پاکستان ریلوے کے حکام کا کہنا ہے یہ مال بردار ٹرین ایران ریلوے کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔ یہ ٹرین ہفتے میں ایک دن پاکستان کے شہر کوئٹہ سے ایران کے شہر زاہدان اور پھر زاہدان سے کوئٹہ جائے گی- فی الحال اس ٹرین کی چوبیس بوگیاں ہیں- مستقبل میں ان کی تعداد بڑھا کر چالیس کر دی جائے گی-
پاکستان اور ایران کے درمیان سات سال سے بند ریل سروس دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ رواں سال مئی میں کیا گیا تھا۔
کچھ عرصے کے بعد مسافر ٹرین شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان ٹرین سروس بند ہونے کے بعد سے دوطرفہ تجارت ٹرکوں اور سڑکوں کے نیٹ ورک کے ذریعے کی جاتی ہے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان سالانہ تجارتی جحم تقریبا ایک ارب ڈالر ہے۔
پاکستان ایران کو چاول، پھل اور سبزیاں برآمد کرتا ہے جبکہ ایران سے گندھک، تارکول اور خام تیل سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی جاتی ہیں۔