پاکستان کی جانب سے مزار شاہ چراغ ایران میں دہشتگردانہ حملے کی مذمت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان نے ایران کے شہر شیراز میں عبادت گاہ پر دہشت گرد کے حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت گاہ پر دہشت گرد کا حملہ قابل مذمت ہے، مشکل گھڑی میں ایرانی عوام کیساتھ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا گو ہیں، پاکستان دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں امام زادہ شاہ چراغؑ کے مزار پر حملہ تکفیری دہشتگردوں کا کام ہے
یاد رہے کہ گذشتہ شب ایران کے صوبے فارس میں امامزادہ شاہ چراغ کے مزار پر ایک دہشت گرد نے حملہ کرکے 15 زائرین کو شہید کر دیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دہشت گردی کا یہ واقعہ ایران کے صوبہ فارس کے دارالحکومت شیراز میں امام زادہ احمد بن امام موسیٰ کاظم کے مزار پر پیش آیا، امام زادہ احمد کا روضہ شاہ چراغ کے نام سے مشہور ہے۔
حملہ آور نے مزار کے اندر داخل ہونے کے بعد زائرین پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں 15 افراد موقع پر شہید ہوگئے تھے۔ ایرانی نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگرد کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا جبکہ دہشتگردی کے اس واقعہ کی چھان بین جاری ہے۔