
پاکستان: اسلامی نظریاتی کونسل کا اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ
شیعہ نیوز: پاکستان میں اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی منگل کو مسلمانوں سے ان تمام مصنوعات اور کمپنیوں کا بائیکاٹ کرنے کا کہا ہے کہ جو کسی بھی طرح اسرائیل کو مالی فائدہ پہنچا رہی ہیں۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب نعیمی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بحیثیت مسلمان ہمارا دینی و ملی فریضہ بنتا ہے كہ ہم ان تمام مصنوعات اور کمپنیوں کا معاشی بائیکاٹ کریں جو کسی بھی طرح اسرائیل اپنی کمائی میں سے حصہ دے رہی ہیں یا ان کو کسی بھی طرح كا تعاون و امداد فراہم كر رہی ہیں ۔‘
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ’اس معاشی بائیکاٹ میں اس بات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ عام شہریوں کی جان و مال اور املاک كو نقصان پہنچانے سے اجتناب کیا جائے، کیونکہ ہمارا دین اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔‘
یہ بھی پڑھیں : امریکی فضائی احاطہ کے ساتھ یمن میں زمینی جنگ کے آغاز کی الٹی گنتی
اس سے قبل جمعرات کو اسلام آباد میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہونے والی قومی کانفرنس میں بھی اسرائیلی مصنوعات اور اس کے ساتھ کاروبار کرنے والے افراد کے بائیکاٹ کا متفقہ اعلان کیا گیا تھا جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے بھی اتوار کو کراچی میں منعقدہ ’یکجہتی غزہ مارچ‘ کے دوران بھی ایسا ہی مطالبہ کیا گیا تھا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’عالمی سطح پر اسرائیل یہودی کمپنیاں اس قاتل فوج كکو ہر طرح امداد فراہم كر رہی ہیں۔
ان کمپنیوں کی پروڈکٹس کی خرید و فروخت مسلمان ملکوں بھی ہو رہا ہے اور اس سے حاصل ہونے والے منافع کی رقم فلسطین و غزہ كے مسلمانوں نسلکشی میں استعمال ہو رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اسرائیل کی غزہ پر حالیہ ظلم و بربریت پوری دنیا کے مسلمانوں کی اسلامی غیرت و حمیت کو جھنجھوڑ رہی ہے اور تقاضا کر رہی ہے كہ وہ اسرائیل کی مجرمانہ سرگرمیوں کی دو ٹوک انداز میں نہ صرف مذمت کریں، بلکہ جس حد تک استطاعت ہو اسے روکنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔‘
دوسری جانب پیر 14 اپریل کو پاکستان کی قومی اسمبلی نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف قرارداد متقفہ طور پر منظور کی تھی جس میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی ’وحشیانہ حملوں‘ کی مذمت کی گئی تھی۔