اقوام متحدہ سے اسرائیل کی رکنیت منسوخ کی جائے، پاکستان کا مطالبہ
اسرائیل کی جانب سے اس کے غیر انسانی اقدامات اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے بین الاقوامی مطالبات کو نظر انداز کرنے پر اس کی اقوام متحدہ کی رکنیت منسوخ کرنے کی ضرورت ہے
شیعہ نیوز: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب کے دوران پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے غزہ میں اسرائیلی حکومت کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف بین الاقوامی عدالت کے فیصلوں کے باوجود اسرائیل بین الاقوامی قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حکومت نے تمام اخلاقی اور انسانی حدود کو نظر انداز کرتے ہوئے ہزاروں بے گناہ لوگوں کو شہید جب کہ لاکھوں کو بے گھر کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں دہشتگردی کا پھر سر اٹھانا انتہائی تشویشناک، جامع حکمت عملی لازم ہے، ساجد نقوی
انہوں نے ایران کی علاقائی خودمختاری کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ اسرائیل کی جانب سے اس کے غیر انسانی اقدامات اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے بین الاقوامی مطالبات کو نظر انداز کرنے پر اس کی اقوام متحدہ کی رکنیت منسوخ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اسرائیل کے خلاف فوری طور پر ہتھیاروں کی پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی عدالتوں کے ذریعے اسرائیل کو اس کے جاری جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔
یہ بھی پڑھیں: حزب اللہ کا اسرائیلی فوج کو منہ توڑ جواب، ایک دن میں 200 میزائل فائر
شہباز شریف نے کہا کہ جہاں اسرائیلی حکومت جنگ زدہ علاقوں میں انسانی امداد کی ترسیل پر پابندی کو غزہ کے عوام پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کر رہی ہے، وہیں ہمیں (اسلامی ممالک) کو غزہ تک طبی اور غذائی امداد پہنچانے کا راستہ تلاش کرنا چاہئے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے غزہ میں شدید انسانی بحران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے کسی بھی قابل تصور پیمانے سے باہر قرار دیا۔