پاکستان نے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی ہمیشہ حمایت کی ہے، ڈاکٹر عارف علوی
شیعہ نیوز: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کے ناقابل تنسیخ حق ِخودارادیت کا حامی ہے، اسرائیل کی حالیہ وحشیانہ اور اندھا دھند جارحیت کے نتیجے میں تقریباً 15,500 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، فلسطین میں شہداء میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، 37 ہزار سے زائد لوگ زخمی ہوچکے ہیں۔ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج کے دن فلسطینی کاز کیلئے پاکستان کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہوں، پاکستان نے فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن دو ریاستی حل کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان جون 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد، خود مختار اور جغرافیاتی طور پر متصل فلسطینی ریاست کی حمایت کرتا ہے۔