پاکستان عالمی استعماری طاقتوں کا ایک اہم نشانہ ہے: اسد عباس نقوی
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کنونشن کور کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی استعماری طاقتوں کا ایک اہم نشانہ ہے اورآج وطن عزیز کو در پیش خطرات پہلے سے کئی گنا زیادہ ہیں۔جہاں بیرونی مداخلت اور دباﺅ ہے وہیں بیرونی اور داخلی دہشتگردوں نے وطن عزیز کو مشق ستم بنا رکھا ہے۔پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کے جوان جو وطن عزیز کی جغرافیای سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے اس کیفیت سے نکلنے کے لئے دینی طبقات کا کردار اور مشترکہ بیانیہ بہت اہم ہے۔ اسلام کے ماننے والونے پوری دنیا میں اپنے اپنے وطن کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے وطن عزیز پاکستان کے عوام بھی دینی قیادت سے راہنمائی حاصل کرنا چاہتے دینی طبقات کی ذمہ داری بہت بڑھ جاتی ہے۔ ملت کے علما ءکے رہبرانہ کردار کے تعین اور منظم سازشوں اور خطرات کا نظم کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے دینی قیادت کو صف اول پر کھڑے ہو کر قائدانہ کردار اد اکر کے پاکستان کو اس بھنور سے نکالنا ہو گا۔ اور پاکستان میں بیرونی مداخلت، فوج، عدلیہ اور دیگر اداروں کے خلاف ہونیوالی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا انہی موضوعات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس امر کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے، کہ ملک بھر سے مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے انقلابی قیادت ایک جگہ جمع ہو کر منظم لائحہِ عمل تیار کرے۔اور ملک و ملت کی مشترکہ آواز بنیں۔
اس سلسلہ میں قومی بیانیہ کے لئے جلد ایک عظیم الشان”وحدت کانفرنس” کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کی مذہبی قیادت خطاب فرمائے گی ۔ان شائاللہ ملی و ملکی اور بین الاقوامی صورت حال کے تناظر میں اپنے وظیفہ شرعی کی بنیاد پر حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے یہ کانفرنس انتہائی موثر ثابت ہو گی۔