
پاکستان کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان نے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری اعلامیہ میںکہا گیا ہےکہ غزہ میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت میں انسانی جانوں کے ضیاع اور وہاں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش ہے۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف سخت کارروائی کرے اور اسرائیلی حملے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطینی تحریک کی مستقل حمایت کی ہے، جس کا مقصد 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر القدس شریف کو دارالحکومت رکھنے والی آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطینی تنظیم کے درمیان 2 روز تک جاری رہنے والی کشیدگی میں 34 فلسطینوں کی شہادت ہونے کے بعد گزشتہ روز جنگ بندی کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
اسرائیل کے فضائی حملوں کے نتیجے میں اب تک 34 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔