پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی آج کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں۔
وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دن 10بجے ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی جائے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں ریلیوں سے صوبائی وزیراعلیٰ خطاب کریں گے جبکہ ہر ضلع کی سطح پر ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی تقاریب کے ذریعے کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو جوڑنے والے کوہالا، منگلا، ہولار اور آزاد پتن کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جبکہ اسی دوران وفاقی دارالحکومت میں ڈی چوک پر بھی شہری انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور کئی ماہ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے رواں سال یوم یکجہتی کشمیر معمول سے ہٹ کر منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا جائے گا۔
ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے تاہم رواں سال اس کی اہمیت بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کی وجہ سے بڑھ گئی ہے۔
دوسری طرف بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 4 عام شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل اوسی پر جان بوجھ کر شہری آبادی کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی کے لیپہ ویلی کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فورسز کی جانب سے مارٹر گولوں سمیت بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا گیا، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4 عام شہری زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 2 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔