پاکستان فلسطینی عوام کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا، وزیراعظم
شیعہ نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد اے اے ربی نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم نے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس کی جانب سے ان کے دوسری بار وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر تہنیتی پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فلسطین کے ساتھ تاریخی اور قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان تسلسل سے مسئلہ فلسطین کی اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم نے 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ میں تسلسل سے جاری حالیہ اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بہادر اور معصوم فلسطینیوں پر یہ اسرائیلی بربریت فی الفور بند ہونی چاہیے، انہوں نے 17 ہزار بچوں سمیت 32 ہزار فلسطینیوں کی بہیمانہ اموات پر تعزیت کا اظہار اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں سے 70 ہزار زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کی جانب سے کیس دائر کرنے اور اس فورم پر فلسطین کی حمایت میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے بیان کا حوالہ دیا۔
انہوں نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا، پاکستان نے غزہ کے عوام کے لئے امدادی سامان کی 7 قسطیں ارسال کی ہیں جبکہ مزید ایک عید کے بعد بھیجی جائے گی۔ فلسطینی سفیر نے وزیر اعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے فلسطین کے عوام کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اس سے فلسطینیوں کا حوصلہ بلند ہواہے۔