بھارت کسی بھی مہم جوئی سے پہلے ‘آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ’ کو یاد رکھے، ایئر چیف
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھارت کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی مہم جوئی سے پہلے ‘آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ’ کو یاد رکھے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ کا پہلا جے ایف 17 بلاک 3 طیارہ 2022 میں فضاؤں میں بلند ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جے ایف 17 بلاک 3 طیارہ جدید ترین ہتھیاروں اور آلات سے لیس ہوگا اور یہ رافیل سمیت دیگر جدید طیاروں کے ہم پلہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگی چیلنجز اور رجحانات میں وقت کے ساتھ ساتھ نمایاں تبدیلی آئی ہے اور پاک فضائیہ اپنی ضروریات کو مدنظر رکھ کر اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔
بھارت کے ممکنہ فالس فلیگ آپریشن کی اطلاعات پر حکمت عملی سے متعلق سوال پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ہنگامی حالت ہو یا امن، پاک فضائیہ ہمہ وقت الرٹ رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہم سے مت الجھیں اور کسی بھی مہم جوئی سے پہلے بھارت آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو یاد رکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں عددی برتری کے حامل دشمن کو بھرپور جواب دیا تھا اور دشمن پر پیشہ ورانہ جنگی صلاحیت کی برتری ثابت کی۔
خیال رہے کہ رواں برس 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارتی ایئرفورس کی دراندازی کا بھر پور جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔
پاک فضائیہ کی اس کامیاب کارروائی کے دوران ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا، تاہم حکومت پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت اسے رہا کردیا تھا۔
بعد ازاں مئی میں ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا تھا کہ 27 فروی کو بھارتی دراندازی پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کا جواب تاریخ میں ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔
ائیر چیف مارشل نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ چین سے ‘جے 20’ سمیت دیگر جدید جنگی طیاروں کے حصول کے لیے بھی غور کر رہے ہیں جبکہ روس، چین اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی دفاع کے شعبے میں تعاون پر پیش رفت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر چیلنج میں قوم کی امنگوں پر پوری اتری ہے اور آئندہ بھی وقت آنے پر قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔