
پاکستانی حکومت کی یونیورسٹیوں میں فارسی زبان کی حمایت قابل تعریف ہے، سینئر ایرانی عہدیدار
شیعہ نیوز: ایران کے وزیر فرہنگ و ارشاد نے ہانگ کانگ میں ایشیائی ثقافتی تعاون فورم (ACCF2025) کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات میں دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان ثقافتی، فنی اور سیاحتی تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر فرہنگ و ارشاد سید عباس صالحی نے ان کے پاکستان ہم منصب اورنگزیب خان نے ہانگ کانگ میں ایشیائی ثقافتی تعاون فورم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
صالحی نے ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی پس منظر اور گہرے ثقافتی اور مذہبی مشترکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات قدیم تہذیبی روابط اور مشترکہ مذہبی عقائد پر مبنی ہیں، جو ثقافتی منصوبوں اور پروگراموں کی تشکیل کے لیے قابل قدر صلاحیتیں فراہم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران واضح اصولوں اور معیاروں کے مطابق مذاکرہ کرتا ہے، سعید خطیب زادہ
انہوں نے پاکستان میں فارسی زبان کے مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یونیورسٹیوں میں فارسی زبان کی کرسیوں کی حمایت اور اسے مضبوط کرنے کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔
صالحی نے مشترکہ فنکارانہ پروڈکشنز، علاقائی تہواروں میں فنکاروں کی فعال موجودگی اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاملات کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر پاکستان کے وزیر ثقافت اور قومی ورثہ اورنگزیب خان نے ایران کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے بات پر زور دیا کہ فارسی زبان استعماریوں کی آمد سے قبل برصغیر کے لوگوں کی اہم زبان تھی اور اس نے اس سرزمین کے لوگوں کو اسلام سے آشنا کرنے سمیت مذہبی اور ثقافتی تصورات کے تبادلے میں اہم کردار ادا کیا۔
اورنگزیب خان نے کہا کہ آج ایران میں پاکستانی عوام کے گہرے تاریخی تعلقات اور دلچسپی کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو وسعت دینے کا ایک قیمتی اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے ملک کے دروازے تمام ایرانی ثقافتی کارکنوں، فنکاروں اور سیاحوں کے لیے کھلے ہیں اور اسلام آباد تہواروں اور نمائشوں سے لے کر مشترکہ فنی اور تعلیمی منصوبوں تک ایران کی ثقافتی موجودگی کا خیرمقدم کرتا ہے۔
پاکستانی وزیر برائے قومی ورثہ نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی مشترکات کے بارے میں ترکی کے ساتھ ایک دستاویزی فلم بنانے کے مشترکہ منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ترکی کے مقابلے میں ایران کے ساتھ ہمارے ثقافتی اور تہذیبی مشترکات زیادہ ہیں، یہ مناسب ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اسی طرح کے منصوبے بنائے جائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں بہت سے مذہبی زائرین ہیں جو بے تابی سے ایران میں مقدس مقامات کی زیارت کے لیے سفر کرتے ہیں، اور بلا شبہ، اگر ویزا کے اجراء کے عمل کو آسان بنایا جائے تو ان زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔