اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

غزہ و لبنان کیلئے پاکستانی امدادی سامان کی 21 ویں کھیپ دمشق پہنچ گئی

 نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق پاکستان نے بدھ کو راولپنڈی سے دمشق کے لیے 21ویں امدادی کھیپ روانہ کی

شیعہ نیوز:  پاکستان کی جانب سے لبنان، غزہ اور شام میں جنگ سے متأثرہ افراد کے لیے امدادی سامان کی 21 ویں کھیپ دمشق پہنچ گئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق پاکستان نے بدھ کو راولپنڈی سے دمشق کے لیے 21ویں امدادی کھیپ روانہ کی، پاک فضائیہ کی مدد سے ارسال کردہ 17 ٹن امدادی سامان میں کمبل، خوراک اور ادویات شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، اپیکس کمیٹی

اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا، "فلسطین غزہ اور لبنان کے جنگ سے متأثرہ بے گھر لوگوں کے لیے انسانی امداد کی 21 ویں کھیپ کامیابی کے ساتھ دمشق پہنچ گئی ہے جو حکومتِ پاکستان، این ڈی ایم اے کی طرف سے کل نور خان بیس سے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے بھیجی گئی۔”

بیان میں کہا گیا کہ یہ کھیپ دمشق میں پاکستان کے سفیر ایئر مارشل (ریٹائرڈ) شاہد اختر نے وصول کی۔این ڈی ایم اے نے کہا، "حکومت پاکستان فلسطین (غزہ) اور لبنان کے جنگ سے متأثرہ لوگوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔”
غزہ میں اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے پاکستان نے یہ مسئلہ اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر کثیر الجہتی پلیٹ فورمز پر بارہا اٹھایا ہے اور بین الاقوامی طاقتوں اور اداروں سے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button