
پاکستانی شیعہ سنی علماء کے وفد کی شہید قاسم سلیمانی کی قبر پر حاضری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں شیعہ سنی علماءومشائخ پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے شہید مدافع حرم اہل بیت ؑ شہید قاسم سلیمانی ؒ کے مرقد پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کیساتھ ہی ان کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملت غیور پاکستان کی نیابت میں سلام عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ان دنوں شیعہ سنی علماءکے وفد کے ہمراہ شہید مدافع حرم شہید قاسم سلیمانی ؒ کے چہلم کی تقریبات میں شرکت کے لئےایران کے دورے پر ہیں ۔وفدنے کرمان میں موجود قبرستان گلزار شہداء میں شہید مدافع حرم شہید قاسم سلیمانی کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔
وفد میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے ہمراہ جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد چشتی ودیگر اکابرین، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، علامہ مختاراحمد امامی، علامہ سید باقرعباس زیدی، علامہ آغاسید علی رضوی، علامہ عبدالخالق اسدی، سید اسدعباس نقوی، علامہ حیدرعباس عابدی ودیگرنے گذشتہ روز شہید قاسم سلیمانی ؒ کے مرقد پرحاضری دی اور وہیں شب بیداری کا بھی اہتمام کیا ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ملی یکجہتی کونسل کا ایک اعلیٰ سطحی وفد لیاقت بلوچ کی سربراہی میں بھی ایران کا دورہ کرچکا ہے جس میں شامل شیعہ سنی علماءومشائخ نے شہید قاسم سلیمانی کے اہل خانہ اور اعلیٰ حکومتی شخصیات سے پاکستان کے 22کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیاتھا۔