اسرائیل جانے والے پاکستانیوں کو قانون کے مطابق سزا ہونی چاہیئے، علامہ شفقت شیرازی
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما و مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی ہر کوشش قابل مذمت اور قائد و اقبال کے افکار سے انحراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جانے والے پاکستانیوں کو قانون کے مطابق سزا ہونی چاہیئے، انہوں نے پاکستانی پاسپورٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرکے قانون شکنی کی ہے جس کی انہیں سزا ملنی چاہیئے تاکہ دوسروں کے لئے عبرت بنے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جانے والوں نے پاکستانی قوم کے وقار کو مجروح کیا اور مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست عالمی قوانین، اخلاق اور انسانی کرامت کے لئے ایک مسلسل خطرہ ہے جس کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی بات کرنے والے امت مسلمہ کے مجرم ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی خاموشی کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ایک سرکاری ادارے (پاکستان ٹیلی ویژن) کا ملازم بھی اس وفد میں شامل ہے جسے فوری طور پر برطرف کیا جانا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مقامی ٹی وی چینلز پر اسرائیل جانے والے وفد کو باقاعدہ ایئر ٹائم دیا جارہا اور اسرائیل کے حق میں ایک فضا بنائی جارہی ہے، یہ کسی صورت قبول نہیں اور پاکستانی قوم اسرائیل کے حوالے سے کسی قسم کے سمجھوتے کو تسلیم نہیں کرے گی۔