پاکستان کا 75 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا
شیعہ نیوز:پاکستان کا 75 واں جشن آزادی ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،ہر طرف قومی پرچموں کی بہار نظر آئی اور فضا ملی نغموں سے گونج اٹھی، صوبائی دارالحکومت کراچی میں دن کاآغاز پر 21توپوں کی سلامی دی گئی،نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں،پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے بانی پاکستان کے مزار پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، پرچم کشائی ہوئی،خصوصی تقریبات میں قائم مقام گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے شرکت کی اور بابا قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے،پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹننٹ کمانڈر سید محمد داؤد سرانجام دیے،کمانڈنٹ کموڈور محمد خالد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی،بعدازاں گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کابینہ ارکان کے ہمراہ مزارقائد پر پرچم کشائی کی تقریب میں شریک ہوئے،تقریب میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے ملی نغمے پیش کیے،تینوں مسلح افواج کے نمائندوں، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی امین الحق، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہددی اور ڈی جی اے ایس میجرجنرل عابدلطیف خان،آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مزار قائد پر حاضری دی،شہریوں کی بڑی تعداد یوم آزادی کے موقع پر بانی پاکستان کے باہر انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے موجود تھی، گلیوں، شاہراہوں، چوراہوں کو پرچموں اور برقی قمقموں سے سجا یا گیا جبکہ سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا تھا۔دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے وفد نے صدر علامہ باقر عباس زیدی کی سربراہی میں علما و زاکرین کے ہمراہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ،فاتحہ خوانی ملکی سالمیت اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔