فلسطین: ’الفجر العظیم‘ مہم کامیاب، مساجد نمازیوں سے بھر گئیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقے غرب اردن اور القدس سے شروع کی گئی مساجد میں نمازیوں کی تعداد بڑھانے کی مہم عالم گیر شکل اختیار کرگئی ہے۔
کل جمعہ کو نماز فجرمیں فلسطین کی بیشتر مساجد نمازیوں سے کھچا کھچ بھرگئیں اور کئی مساجد میں تل دھرنے کو جگہ نہیں بچی۔ فلسطین سے شروع ہونے والی یہ ایمان افروز اور بابرکت مہم عالم گیر شکل اختیار کرگئی ہے جس کے بعد یہ مہم فلسطین کے علاقے غزہ ، کویت، اردن، لبنان اور ترکی میں بھی پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے فلسطین میں رضاکاروں اور مذہبی تنظیموں کی طرف سے’’الفجر العظیم‘‘ کے عنوان سے ایک مہم شروع کی گئی تھی۔ اس مہم کا مقصد فلسطین کی مساجد میں نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ قابض صیہونی ریاست کو یہ پیغام دینا تھا کہ دشمن چاہے کچھ بھی کرلے مگر وہ فلسطینیوں کا اپنی مقدسات سے تعلق ختم نہیں کرسکتا۔ فلسطین میں یہ مہم انتہائی کامیاب رہی ہے اور کل جمعہ کی نماز فجر میں لاکھوں نمازیوں نے اللہ کے سامنے سجدہ ریز ہوکراپنی بندگی کا اظہار کیا۔
قابل تحسین بات یہ ہے کہ یہ مہم اب نہ صرف فلسطین میں جاری ہے بلکہ اسے عرب اور مسلمان ممالک میں غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
فلسطین میں کل جمعہ کو شدید بارش کے باوجود لاکھوں نمازی نماز فجر میں مساجد میں پہنچے۔ غزہ کی پٹی، غرب اردن، مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطین کے شمالی اور جنوبی علاقوں کی مساجد میں بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے نماز فجر مساجد میں ادا کی۔
ترکی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق استنبول کی تاریخی مسجد سلطان محمد فاتح میں لاکھوں افراد نے نماز فجر ادا کی۔
کل جمعہ کو ترکی اور دوسرے ممالک کی مساجد میں مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ عکرمہ صبری پر اسرائیلی ریاست کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کی مذمت اور فلسطین کی آزادی کے لیے دعائیں کی گئیں۔