فلسطینی میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے پانچ میزائل حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ میں متعدد اہداف پر جنگی طیاروں سے بم باری کی ہے۔ تاہم اس بمباری کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مغرب میں نیو بندرگاہ کے اطراف میں بمباری کی۔
اس کے علاوہ شمالی بیت لاھیا میں بھی اسرائیلی فوج نے فلسطینی مزاحمت کاروں کے مراکز پربمباری کی۔
ادھر اسرائیلی جنگی ہیلی کاپٹروں نے عسقلان کے علاقے اور شمالی غزہ میں زرعی اراضی پر بم باری کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ قابل ازیں غزہ سے جنوبی اسرائیل پرپانچ میزائل داغے گئے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کل بدھ کے روز اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ کی پٹی کے قریب عسقلان کےعلاقے کا دورہ کیا۔ عسقلان میں موجودگی کے دوران غزہ سے ایک میزائل داغا گیا جس کے بعد نیتن یاھو کو سیکیورٹی حصار میں لے لیا گیا اور انہیں وہاں سے ایک خفیہ پناہ گاہ میں لے جایا گیا ہے۔
عبرانی میڈیا کے مطابق نیتن یاھو پارٹی کے انتخابات کے حوالے سے جاری انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلسے میں شرکت کرنے والے تھے کہ اچانک خطرے کے سائرن بج اٹھے اور انہیں فوری طور پر وہاں سے محفوظ مقام پر لے جایا گیا۔