فلسطینی مظاہرین پر صیہونی فوج کی فائرنگ ، 55 فلسطینی زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی پر امن ہفتہ وار ریلیوں پر قابض اسرائیلی فوج نے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق کل جمعہ کو غزہ کی پٹی میں مسلسل 66 ویں ہفتے کوغزہ کے محاصرے کے خلاف اور حق واپسی کے لئے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کی مشرقی سرحد پر جمعہ کے اجتماع کے بعد ہونے والے پر امن مظاہروں پر اسرائیلی فوج کے طاقت کے استعمال کے نتیجے میں امدادی کارکنوں اور ایک صحافی سمیت کم سے کم 55 فلسطینی زخمی ہوگئے، 33 فلسطینی آنسوگیس کی شیلنگ اور دیگر گولیاں لگنےسے زخمی ہوئے۔
وزارت صحت کے مطابق بعض فلسطینی براہ راست گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جب کہ درجنوں شہری دھاتی گولیوں اور آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ غزہ میں 30 مارچ 2018ء سے صیہونی ریاست کی طرف سے مسلط کی گئی ناکہ بندی کے خلاف اور حق واپسی کے لیے مظاہرے جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتی چلی آرہی ہے، جس کے نتیجے میں 300 فلسطینی شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوچکے ہیں۔
غاصب اسرائیل نے سن دو ہزار چھے سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ وہاں بنیادی اشیاء کی ضرورت کی ترسیل کی راہ میں شدید رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں غزہ کے فلسطینیوں کو غذائی اشیاء ، ادویات اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔