فلسطینی قوم کبھی بھی جہاد کا راستہ ترک نہیں کرےگی۔ العاروری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری نے کہا ہے کہ حماس دفاع مسلم امہ کے لیے فرنٹ لائن پر کھڑی اور ہراودل دستے کا کردار ادا کررہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صیہونی توسیع پسند دشمن کامقابلہ کرنے کےلیے پوری مسلم امہ کو ایک ایک مؤقف اور پالیسی اپنانا ہوگی، اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کرکے دشمن کے مذموم عزائم کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق حماس کےوفد نے صالح العاروری کی قیادت میں کل سوموار کو تہران میں آیت اللہ علی العظمیٰ خامنہ ای سے ملاقات کی۔ انہوں نے مسلمان ممالک کی حکومتوں اور عوام پر زور دیاکہ وہ حقیقی معنوں میں فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہوں، متکبر عالمی طاقتوں کا غرور خاک میں ملانے کے لیے صیہونی ریاست کو زوال پذیر کریں اور فلسطینیوں کی استقامت میں ان کی مدد کریں۔
حماس رہنما نے کہا کہ فلسطینی قوم زندہ ہے جوکسی قیمت پرمزاحمت اور جہاد کا راستہ ترک نہیں کرےگی۔ غاصب اور قابض دشمن کا ہرسطح پرمقابلہ کیا جائے گا۔ بیت المقدس کو یہودیانے، غزہ کی ناکہ بندی اور غرب اردن کو صیہونی ریاست میں ضم کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے برعکس لمحہ موجود میں فلسطینی مزاحمتی قوتیں بہت مضبوط ہیں۔ ان کے پاس دفاعی آلات پہلے سے بہت بہتر ہیں۔ اس وقت فلسطینی مزاحمتی قوتیں مقبوضہ فلسطین میں موجود صیہونی ریاست کے تمام حساس مراکز کو نشانہ بنانے اور انہیں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
حماس کے نائب صدر نے کہاکہ امریکہ فلسطینی قوم پراپنی مرضی کا حل مسلط نہیں کرسکتا۔ انہوں نے امریکہ کی سینچری ڈیل سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے بھرپور مہم چلانے پر زور دیا اور کہا کہ امریکہ قضیہ فلسطین کوختم کرنے کےساتھ فلسطینی قوم کےتشخص کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز حماس کے وفد نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ ایرانی سپریم لیڈر نے حماس کی قیادت کو اپنی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ حماس کےوفدنے جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی طرف سے سپریم لیڈر کو خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔