فلسطینی شہداء نے اسرائیل اور بین الاقوامی سامراج کے سامنے سر جھکانے سے انکار کیا، رضا ربانی
شیعہ نیوز: سابق چیئرمین سینیٹ اور پی پی کے رہنماء رضا ربانی نے کہا کہ نگران حکومت کے اقدامات غیر آئینی ہیں، خوف کی وجہ سے سینیٹ کا اجلاس نہیں بلا رہی۔ پی پی پی رہنماء رضا ربانی نے مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء فلسطین کو سلام پیش کرتا ہوں، فلسطینی شہداء نے اسرائیل اور بین الاقوامی سامراج کے سامنے سر جھکانے سے انکار کیا، پاکستان کے عوام آج غزہ کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، فلسطین کی الگ ریاست تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
رضا ربانی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مفتی محمود نے ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ مل کر ملک کو متفقہ آئین دیا تھا، متفقہ آئین کو مختلف اوقات میں پامال کیا گیا، آئین میں یہ بات لکھی ہوئی ہے کہ انتخابات 90 دن میں ہوں گے، آئین ہر ادارے کے حقوق کا تعین کرتا ہے۔ پی پی کے رہنما نے مزید کہا کہ آج ہر ادارہ دوسرے ادارے میں مداخلت کر رہا ہے، نگران حکومت کے اقدامات آئین و قانون سے انحراف ہیں، نگران کابینہ کی حالیہ تقرریاں بھی قانون کی خلاف ورزی ہے، آئین نگران حکومت کو تقرریوں کی اجازت نہیں دیتا۔