اہم پاکستانی خبریں

فلسطینیوں کو پاکستان سے بہت زیادہ توقعات ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی

شیعہ نیوز: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ فلسطین ہاتھ سے چلا گیا تو عالم اسلام یرغمال بنے گا۔ عالم اسلام کی آزادی، بقا فلسطین کی آزادی میں ہے۔ حکومت نے اسلام آباد میں غزہ مارچ کے شرکاء پر لاٹھی چارج کروا کر رسوائی کمائی ہے۔ اہل غزہ کی مدد اور تعاون سے دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی۔ عید الفطر کے موقع پر ساری قوم عیدگاہوں اور مساجد کی طرف آتے ہوئے فلسطینی پرچم لے کر نکلے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پہلے دنیا کی سب سے بڑا جیل تھا، اب اسے دنیا کا سب سے بڑا قبرستان بنایا جا رہا ہے۔ ملبوں پر بیٹھے مظلوم فلسطینی پوری ایمانی جرات سے اپنی آزادی کے لئے برسرپیکار ہے۔ طوفان الاقصیٰ نے مسلمان حکمرانوں کی پالیسیوں کو بدل دیا۔ انہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے سے روک دیا اور اس آپریشن نے ثابت کر دیا کہ اسرائیل ناقابل تسخیر نہیں ہے۔ فلسطینی ڈٹ گئے، جس پر اسرائیلی، امریکہ، برطانیہ، یورپ کی مدد سے غزہ پر حملہ کر دیا۔ مگر اس کے حماس کو ختم کرنے، غزہ کو فتح کرنے کا خواب پورا نہیں ہوا۔

مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ فلسطین میں 32 ہزار شہادتیں ہو چکی ہیں۔ اہل غزہ نے قربانیاں دے کر دنیا بھر کی عوام کو پیغام دیا ہے کہ ظلم کے مقابلے میں سب سے بڑی طاقت استقامت ہے۔ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی طرف سے اعلان ہے کہ غزہ کے مسلمان دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے ہیروز ہیں۔ پوری دنیا دہشت گردوں کے نرغے میں ہے۔ مسلمان حکمران بے حسی اور مجرمانہ روش اختیار کئے ہوئے ہیں اور یہ امت پر بوجھ بن گئے ہیں۔ ان کے ہاتھوں عالمی امن محفوظ نہیں ہے۔ او آئی سی بے کار، اقوام متحدہ مفلوج ہے۔ سب ادارے بے حسی اور بے شرمی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ ناجائز اسرائیلی ریاست کے معاملے پر ہمارے حکمرانوں نے عالم اسلام کو بھی تقسیم کر دیا ہے۔ ایسے میں اتحاد امت ہی ان کا اعلان ہے۔ فلسطینیوں کو پاکستان سے بہت زیادہ توقعات ہیں، مگر ہمارے حکمران اور عسکری قیادت بے حسی کا شکار، خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ جہاد ہی عزت کا راستہ ہے اور اسی سے فلسطین کی آزادی وابستہ ہے۔ پونے دو ارب مسلمان اہل غزہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسلمان بقاء اسلام کی جنگ لڑے رہے ہیں۔ فلسطین کے مسلمانوں کی مدد ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ ہمیں صرف اسرائیلی اور اسرائیل کے حامی ممالک کی مصنوعات کا ہی نہیں بلکہ ان اسلامی حکمرانوں کا بھی بائیکاٹ کرنا ہوگا۔ جو غزہ میں اسرائیلی مظالم پر اپنے آقا امریکہ کے خوف سے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اب فلسطین کا نہیں، بلکہ امریکہ اور اسرائیل کا سقوط ہوگا اور فلسطین و غزہ کے مسلمانوں کی جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہوگی۔ فلسطین میں مظلوم مسلمان بچوں، بوڑھوں نوجوانوں، ماؤں، بہنوں اور بٹیوں کا قتل عام جاری ہے۔ صیہونی فوجوں نے مسجد اقصٰی میں رمضان المبارک کی عبادات پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔ غزہ کے بے گھر مسلمان خوراک، علاج معالجہ اور دیگر انسانی ضروریات زندگی سے محروم ہماری مدد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہ جماعت اسلامی روز اول سے اہل فلسطین کے حق میں ملک اور ملک سے باہر بھرپور آواز بلند کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں قومی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button