اسرائیلی زندانوں میں 20 سال سے زاید عرصےسے قید فلسطینیوں کی تعداد 78
شیعہ نیوز: فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے گذشتہ روز جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں 20 سال سے زاید عرصے سے قید فلسطینیوں کی تعداد 78 ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس گروپ میں مزید 3 فلسطینی قیدی شامل ہوئے ہیں جس کے بعد ان کی تعداد اٹھہتر ہوگئی ہے۔
اسیران اسٹڈی سینٹر کے ترجمان ریاض الاشقر نے بتایا کہ بیت لحم سے تعلق رکھنے والے اسماعیل دائود حسین ردایدہ، رام اللہ کے محمد ھاشم احمد نوارہ اور القدس کے یاسر محمد عبید ربایعہ ’عمدۃ الاسریٰ‘ میں شامل ہوگئے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ اصطلاح مسلسل 20 سال سے زاید عرصے سے پابند سلاسل فلسطینیوں کے بارے میں استعمال کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمدہ الاسریٰ کی فہرست میں شامل ہونے والے مذکورہ تینوں اسیران کو عمر قید کی سزاؤں کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 13 فلسطینی 30 سال سے پابند سلاسل ہیں۔ ان میں سب سے پرانے اسیر کریم یونس اور ماہر یونس 34 سال سے قید ہیں۔