پاراچنار، پاک فوج کے زیراہتمام سیرت النبی کانفرنس
پروگرام کا اہتمام بریگیڈئیر نجف عباس کے حکم پر پاک فوج نے کرایا تھا۔
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) گورنر ہاوس پاراچنار میں گذشتہ روز کرم کی تاریخ کی پہلی عید میلاد النبی (ص) اور سیرت النبی (ص) کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں شیعہ سنی علماء، عمائدین اور جوانوں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
پروگرام کا اہتمام بریگیڈئیر نجف عباس کے حکم پر پاک فوج نے کرایا تھا۔ کانفرنس سے خصوصی خطاب کیلئے کراچی سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی اور چارسدہ سے اہل سنت عالم دین مولانا تحمید اللہ جان کو دعوت دی گئی تھی۔
اس بابرکت پروگرام میں کرم بھر کے جید علمائے کرام، تنظیمی رہنماؤں، عمائدین اور مشران قوم نے شرکت کی۔ باہر سے آنے والے خصوصی مقررین کے علاوہ کانفرنس سے علاقائی علماء میں سے مدرسہ جعفریہ کے مدرس علامہ اخلاق حسین شریعتی، پرنسپل مدرسہ انوار المدارس اورکزئی علامہ عابد حسین شکری، تحریک حسینی پاراچنار کے صدر مولانا یوسف حسین جعفری، جامع مسجد صدہ کے خطیب مولوی نور بادشاہ، آرمی پبلک سکول کی طالبہ وجیہہ زہراء اور معروف ذاکر اہلبیتؑ ہادی حسین نے خطاب کیا۔