ڈیرہ، مردم شماری کے حوالے سے اے پی سی، علامہ رمضان توقیر کی شرکت
شیعہ نیوز:ڈیرہ اسماعیل خان و ٹانک سول سوسائٹی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام مفتی محمود لائبریری ہال میں مردم شماری کے حوالے سے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے شرکت کی۔ آل پارٹیز پارٹیز کانفرنس کے مقررین نے حالیہ مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری دی اور مردم شماری 2023ء کو مسترد کر دیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، وفاقی شماریاتی بیورو اور ڈیرہ و ٹانک کی ضلعی انتظامیہ مردم شماری دوبارہ کروا کر تحفظات دور کرنے کی خاطر خامیاں، کوتاہیاں، کمزوریاں اور غفلت و چشم پوشی کا ازالہ کرنے سمیت انکار کرنے والے لاکھوں افراد کو بھی شمار کیا جائے۔ 14 مئی کو احتجاجی کیمپ لگانے اور ریلی نکالنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
آل پارٹیز کانفرنس میں علامہ محمد رمضان توقیر کے علاوہ فتح اللہ میاں خیل، مظہر جمیل علی زئی، احمد کریم کنڈی، احتشام جاوید اکبر، احسان اللہ میاں خیل، قیضار خان میاں خیل، سہیل احمد اعظمی، کفیل احمد نظامی، ڈاکٹر اقبال لغاری، فدا حسین بلوچ، ملک فرحان دھپ، ملک خضر حیات، چودھری اشفاق ایڈوکیٹ، اسماعیل بلوچ، زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ، روشن ضمیر ایڈوکیٹ، محمد عقیل ڈمرہ، محمد عرفان مغل، محمد ریحان، ابوالمعظم ترابی سمیت ڈیرہ اور ٹانک کی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ قبل ازیں ایکشن کمیٹی کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی داور خان کنڈی نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اختتام پر آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس میں پیش کردہ آرا، تجاویز اور مشوروں پر غور و خوض کر کے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔