خطے کا امن مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر ممکن نہیں، علامہ شبیر میثمی
شیعہ نیوز:شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر ممکن نہیں، مقبوضہ کشمیر میں آئین شکنی کی بھارتی کارروائیاں یواین قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، کشمیریوں کے تشخص، آزادی، حقوق اور جغرافیائی تحفظ کیلئے جرات مند و آزاد خارجہ پالیسی کے ساتھ سفارتی سیاسی و اخلاقی حمایت میں مزید تیزی لائی جائے، طاقت اور جبر کے زور پر کسی قوم کو دبایا نہیں جاسکتا، بابائے قوم محمد علی جناح نے دنیا پر دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کا کشمیر پر قبضہ ناجائز اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے لیکن افسوس حقوق بشریت کیلئے صدائے احتجاج بلند کرنیوالوں اور آسمان سرپر اٹھانے والوں کی زبانیں معلوم نہیں کیوں بھارت کیخلاف گنگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیئے، حکومت پاکستان کو اپنی سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا تاکہ مظلوم بھائیوں کو آزادی کی نعمت نصیب ہوسکے، بھارتی ظلم پر اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل تک چیخ اٹھے مگر افسوس آج بھی طاقتور ممالک مفاد کی خاطر بھارت کے ساتھ کھڑے ہیں۔