اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

پشاور، پولیس لائنز مسجد میں دھماکہ 28 شہید 150 زخمی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے میں 28 پولیس اہلکار شہید اور150 افراد زخمی ہو گئے۔

کمشنر پشاور ریاض محسود کے مطابق پشاور کے علاقے صدر پولیس لائنز میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس میں150افراد زخمی ہوئے جب کہ دھما کے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں، سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو سیل کر دیا۔

کمشنر پشاور ریاض محسود نے دھماکے میں 28 افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ15 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہےکہ پولیس لائنز میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا اور خودکش حملہ آور مسجد کی پہلی صف میں موجود تھا جس نے نماز کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے بعد مسجد کی چھت نیچے آگری اور مسجد منہدم ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق پولیس لائنز صدر کا علاقہ ریڈزون میں ہے جو ایک حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے جس کے قریب حساس عمارتیں بھی ہیں جب کہ سی ٹی ڈی کا دفتر بھی پولیس لائنز میں ہی ہے، اس علاقے میں پشاور پولیس کے سربراہ اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا دفتر بھی ہے.

انتظامیہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا ہے کہ اسپتال میں خون کی اشد ضرورت ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیے جائیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا نماز ظہر کے دوران پولیس لائنز کی مسجد میں ہوا ہے جس کے باعث مسجد میں موجود متعدد نمازی زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد میں نماز ادا کی جا رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق دھماکے سے مسجد کی چھت نیچے آنے کی وجہ سے متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہو نے کا بھی خدشہ ہے جنہیں نکالنے کے لیے کرین منگوا لی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button