
حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے غریب کا جینا محال کردیا ہے: ثروت اعجاز قادری
شیعہ نیوز: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت نے جاتے جاتے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، حکمران غریب کا استحصال کررہے ہیں، معاشی بدحالی اور حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے غریب کا جینا محال کردیا ہے، معاشی صورتحال کی بہتری کے دعویداروں نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، موجودہ حکمرانوں کے دور حکومت میں مصنوعی بحران پیدا کرکے چینی، گھی، آٹا، ٹماٹر، دودھ و دیگر اشیا کی قیمتوں میں کئی گناہ اضافہ کیا گیا، روزمرہ استعمال ہونیوالی اشیاء غریب کی پہنچ سے دور ہوگئیں، حکومت فوری طور پر پیٹرول نرخ میں اضافے کو واپس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری بیان میں پیٹرول قیمتوں میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ جمہوری حکمرانوں کی معاشی پالیسیاں آمرانہ طرز حکمرانی کی عکاسی ہیں جس سے غریب کے حقوق غصب اور معاشی استحصال ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کی بجائے حکمرانوں نے بھیگ مانگنے کا کشکول اٹھالیا ہے، بیرونی قرضوں سے غریب کو کوئی ریلیف نہیں ملا، اُلٹا قرضوں کا بوجھ غریب پر ڈال دیا گیا ہے، ملک میں بجلی وگیس کا شدید بحران ہے، ملک کے معاشی حب کراچی میں بجلی و گیس 16 گھنٹے سے زائد غائب ہوتی ہے، حکمران معاشی طور پر عوام کی آزادی وخود مختاری سلب کرکے کس ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔