صدر پزشکیان ماسکو میں غزہ اور شام کے بارے میں گفتگو کریں گے، ایرانی وزارت خارجہ
شیعہ نیوز: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ صدر پزشکیان ماسکو میں روسی رہنماؤں کے ساتھ غزہ اور شام کے معاملات کے بارے میں مذاکرات کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کی دعوت پر ماسکو کے دورے پر ہیں جہاں وہ صدر پوٹن سمیت اعلی روسی حکام سے ملاقات کررہے ہیں۔
صدر پزشکیان کے دورے کے حوالے سے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ صدر پزشکیان کے ماسکو دورے میں شام اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ نافذ نہیں ہوگا؛ جنگ دوبارہ شروع ہوگی، صہیونی عہدیدار
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی اور روسی صدور کے درمیان ایران کے جوہری معاملے سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ دن بدن برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ دونوں فورمز مغربی پابندیوں کو غیر مؤثر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بقائی نے زور دیا کہ ہم روس سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ صہیونی حکومت کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور جارحیت کے خاتمے پر مجبور کرنے میں مزید فعال کردار ادا کرے گا۔