صدر پاکستان کا پاک فضائیہ کے پائلٹس کو تمغہ جرات دینے کا اعلان
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) صدر پاکستان کی جانب سے پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں ونگ کمانڈر محمد نعمان علی کو ستارہ جرات جبکہ اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی اور گروپ کیپٹن فہیم احمد کو تمغہ جرات سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے غرور کو خاک میں ملانے والے ان افسران کو آئندہ سال 23مارچ کے موقع پر اعزازات سے نوازا جائے گا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی و یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاک افواج کے جوانوں اور افسروں کو اعزازات سے نوازے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت نے ایک ستارہ جرات، 2 تمغہ جرات، 8 ستارہ بسالت، 88 تمغہ بسالت اور 94 امتیازی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے مذکورہ افسروں اور جوانوں کو مختلف آپریشنز خصوصاً پلوامہ واقعے کے بعد بھارت کو تمام محاذوں پر شکست دینے پر اعزازات سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد نعمان علی کو ستارہ جرات جبکہ اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی اور گروپ کیپٹن فہیم احمد کو تمغہ جرات سے نوازا جائے گا۔ یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ کے پائلٹس نے دو بھارتی طیارے گرائے جن میں سے ایک طیارہ اسکواڈرن لیڈر حسن صدیقی اور دوسرا بھارتی طیارہ ونگ کمانڈر نعمان علی خان نے گرایا تھا، کہ جس کے بعد بھارتی حکومت باالخصوص بھارتی افواج پر موت کی سی خاموشی طاری ہوگئی تھی اور پوری دنیا میں پاک فضایہ کی پیشہ وارانہ قابلیت کو سراہا گیا تھا۔