اہم پاکستانی خبریں

وزیر اعظم ہمارا، وزیر اعلیٰ تمہارا، پیپلز پارٹی کی نون لیگ کو پیشکش

شیعہ نیوز: پیپلز پارٹی نے وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے نون لیگ کو اپنی ڈیمانڈ پیش کر دی یے۔ قومی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے ساتھ مل کر اتحادی حکومت بنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کے لیے وزارت عظمیٰ کا مطالبہ کر دیا۔ رپورٹ میں نواز لیگ کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے جمعہ کی رات کو ملاقات کی اور مستقبل میں اتحادی حکومت بنانے پر گفتگو کی۔

ہفتہ کو پارٹی ذرائع نے نواز لیگ کے رہنماؤں سے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا۔ اس حوالے سے نواز لیگ کی قیادت نے ہفتہ کو ایک اجلاس بھی منعقد کیا جس کی صدارت شہباز شریف نے کی تھی۔ اس اجلاس میں سینیٹر اسحٰق ڈار، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، ملک محمد احمد خان، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطااللہ تارڑ، خواجہ عمران نذیر اور دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے اپنی پارٹی کے ارکان کو بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری نے بات کا آغاز ہی بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے اور مرکزی وزارتی پورٹ فولیوز دینے کے مطالبے سے کیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو مزید بتایا کہ اس کے بدلے میں آصف علی زرداری نے نواز لیگ کو پنجاب میں حکومت سازی کے لیے حمایت دینے کی پیشکش کی۔ نواز لیگ کے صدر نے حکومت سازی کے متعدد آپشنز پر بھی گفتگو کی۔ دوسری جانب وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) نے کوششیں تیز کردیں اور اس سلسلے میں نواز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کی آج ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف وفاق اور صوبے میں مل کر حکومت بنانے کے معاملے پر مشاورت کریں گے۔ مسلم لیگ (ق) کے پاس وفاق میں 3 اور پنجاب اسمبلی میں 8 نشستیں ہیں، ملاقات میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کی شرکت بھی متوقع ہے۔ ادھر وفاق میں حکومت سازی کیلئے لاہور میں مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان کے قائدین کے درمیان ملاقات جاری ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان مل کر چلنے پر اتفاق ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور (ن) لیگ حکومت سازی کے مشاورتی عمل میں شریک رہیں گے، دونوں جماعتیں مشترکہ طور پر دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button