مہنگائی کو قابو نہ کیا گیا تو عوامی احتجاج پر مجبور ہونگے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے کہا ہے کہ پیٹرول سمیت روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ عوام کیلئے ناقابل برداشت ہو چکا ہے، ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نئے مسائل کو جنم دے رہی ہے، کرپشن اور جرائم میں اضافہ اس ہی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی سب پہ واضح ہو چکی ہے، اگر یہ سلسلہ نہ رکا اور پیٹرول سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتیں واپس نہ لی گئیں، تو عوام احتجاج پر مجبور ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے روٹی، کپڑا، مکان اور اب تو ادویات کو بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے، ملک میں سبزیوں، دالوں، چاول، آٹا و دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، اقتصادی اصلاحات سے متعلق اعلانات سے امیدیں بندھ گئی تھیں کہ عوام کو ریلیف ملے گا، لیکن ملک میں مہنگائی کے طوفان در طوفان اٹھنے کے باعث عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں دنیا کے مسائل کی بنیادی وجہ امریکی سامراج کی ظالمانہ پالیسیاں ہیں
علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا کہ سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، جس سے عوام ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، قرضوں، سود اور کرپشن کا اقتصادی نظام غلامی در غلامی اور ذلت در ذلت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا راج ہے، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کیلئے 2 وقت کی روٹی کا حصول بھی امتحان بن گیا ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں سن کر شہریوں کے ہوش اڑنے لگے ہیں۔
صوبائی صدر نے کہا کہ ہم حکومتِ وقت سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور پیٹرول سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے اور عوام الناس کو ریلیف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر عوام حکمرانوں کے خلاف احتجاج پر مجبور ہونگے۔