پاراچنار میں راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں کا احتجاجی دھرنا
شیعہ نیوز: پاراچنار میں راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاجی دھرنا شروع کر دیا، راستے نہ کھولنے کی صورت میں ملکی اور بین الاقومی سطح پر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ مین چوک پاراچنار میں پاک یوتھ موومنٹ کے رہنماء میر افضل خان طوری، محمود علی جان، سید نجات حسین، مسرت حسین اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ مین شاہراہ مسلسل تین ہفتوں سے بند ہے، جس کے باعث پاراچنار اور دیگر علاقوں کی لاکھوں کی آبادی محصور ہوکر رہ گئی ہے، جس کے خلاف عوام احتجاج اور دھرنا دینے پر مجبور ہیں۔ رہنماوں نے کہا کہ راستے محفوظ نہ ہونے کے باعث شہری مختلف قسم کے مسائل سے دوچار ہیں، یہاں تک کہ خوراک، تیل اور ادویات بھی ختم ہو گئی ہیں اور لوگ علاج نہ ملنے کے باعث مر رہے ہیں، اس وجہ سے ہم دھرنا دینے پر مجبور ہو گئیے ہیں۔ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگر مین روڈ آمدورفت کیلئے کھول کر محفوظ نہ بنایا گیا تو وہ ملکی اور بین الاقومی سطح پر احتجاج شروع کرینگے۔