ملتان میں کشمیر اور یمن میں جاری وحشیانہ جارحیت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام کشمیر اور یمن کے مظلوم عوام پر جاری مظالم کے خلاف امام بارگاہ ابوالفضل العباس سے چوک کمہاراں والا تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا وسیم عباس معصومی اور حسنین انصاری نے کی۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں، ان کے حق خودارادیت کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کیا جائے، کشمیری عوام پر انڈین فوج کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ راجہ ناصر عباس و دیگر قائدین کا یعقوب حسینی کی وفات پر اظہار تعزیت
انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کا قتل عام جاری ہے، یمنی عوام پر بمباری کرکے ان کے اسکول، تعلیمی ادارے اور ہسپتال تباہ کر دیئے گئے۔ آخر جارح 39 ملکی افواج کس قانون کے تحت یمنیوں کا خون بہا رہی ہے۔
پاکستانی عوام کا اپنی حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ ہے کہ وہ ظالم کی بجائے مظلوم کی حمایت کرے۔
انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی جانب سے کشمیر اور یمن میں ہونے والے مظالم پر خاموشی مجرمانہ ہے، امریکہ اور اس کے حواری انسانیت کے دشمن ہیں، کشمیر اور یمن میں ہونے والے مظالم پر او آئی سی کی خاموشی ظالم کی حمایت کے مترادف ہے۔
کشمیر پر مودی سرکار اور بی جے پی مظالم ڈھا رہی ہے، لیکن یمن میں تو نام نہاد مسلمان بے گناہوں کا خون بہا رہے ہیں۔ یمن میں نہتے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم سعودی چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہیں۔
احتجاجی ریلی میں علامہ قاضی نادر حسین علوی، مولانا ہادی حسین، مولانا عمران ظفر، مولانا غلام جعفر انصاری اور ابوذر مہدی سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔