امارات شہزادی لطیفہ کے زندہ ہونے کا ثبوت دے
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ نے ایک بیان جاری کرکے یہ مطالبہ کیا ہے۔
یہ مطالبہ ایسی حالت میں ہے کہ ایک ہفتے پہلے حاکم دبئی کی بیٹی شہزادی لطیفہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے کہا تھا کہ ان کے والد اور ان کے گھر والوں نے ان کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمشنر مشل باچلہ نے کہا کہ اقوام متحدہ لطیفہ کے خاندان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ان کے صحت مند ہونے کا ثبوت پیش کریں۔
باچلہ کی ترجمان الیزابیتھ ٹراسل نے سویڈن میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے جو ویڈیو دیکھا وہ کافی تشویشناک تھا اور ہم شہزادی لطیفہ کی صورتحال کے بارے میں شفاف تفصیلات پیش کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
در ایں اثنا لندن میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ شہزادی لطیفہ اپنے خاندان کی نگرانی میں ہیں اور ان کی نگرانی طبی ماہرین کی ٹیم کر رہی ہے۔
اس سے پہلے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے بدھ کے روز شہزادی لطیفہ بنت محمد آل مکتوم کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم مشاہدہ کر رہے ہیں کہ مسئلہ کیا ہے اور دیکھتے ہیں کیا ہوگا، ہم اس مسئلے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
منگل کو برطانوی خبر رساں ایجنسی بی بی سی نے حاکم دبئی کی بیٹی شہزادی لطیفہ کا ایک ویڈیو جاری کیا تھا جس میں وہ خود کے یرغمال ہونے اور اپنی جان کے خطرہ میں ہونے کی بات کہہ رہی ہیں۔
34 سالہ شہزادی لطیفہ 2018 میں فرانس کے ایک سابق خفیہ افسر کے ساتھ سمندری راستے سے فرار ہونے کے لئے ان کا انتظار کر رہی تھی کہ امارات کے کمانڈوز نے ان کو گرفتار کر لیا تھا۔