
اسرائیلی فوج میں خودکشی کے رجحان میں خطرناک اضافہ، دو ہفتوں میں چوتھا واقعہ
شیعہ نیوز: اسرائیلی فوج کے اندرونی بحران اور نفسیاتی دباؤ کی وجہ سے دو ہفتوں کے اندر خودکشی کا چوتھا واقعہ پیش آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج میں خودکشیوں کا سلسلہ تیزی سے بڑھتا جارہا ہے۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران خودکشی کا چوتھا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔
صہیونی اخبار ہاآرٹز کے مطابق، تازہ ترین واقعہ جنوبی اسرائیل کے ایک فوجی اڈے میں پیش آیا، جہاں ایک پیراٹروپر نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی میزائل حملوں کو روکنے میں امریکہ ناکام، مہنگے دفاعی نظام کی کارکردگی مایوس کن
ہاآرٹز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف 2025 کے ابتدائی چھ مہینوں میں کم از کم 15 اسرائیلی فوجی خودکشی کر چکے ہیں، جب کہ 2024 میں یہ تعداد 21 تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں سال خودکشیوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خودکشی کرنے والے زیادہ تر فوجی ریزرو دستوں سے تعلق رکھتے ہیں جو اس وقت غزہ میں تعیینات ہیں۔ صہیونی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کو جنگ کے دوران ایسے شدید حالات و مناظر کا سامنا ہوتا ہے جو ان کی ذہنی و نفسیاتی حالت پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔
عسکری ماہرین کے مطابق، طویل اور شدید جنگ، نفسیاتی دباؤ، مسلسل محاذ پر موجودگی اور غزہ کے خلاف جنگ میں شکست کے خطرات وہ اہم عوامل ہیں جو فوجیوں میں ذہنی اضطراب، مایوسی اور بالآخر خودکشی جیسے واقعات کا باعث بن رہے ہیں۔