اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

عمران خان حکومت کے خاتمے میں سعودی کردار، پی ٹی آئی کا شیر افضل مروت سے اظہار لاتعلقی

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے دعویٰ کیاتھا کہ عمران خان کی حکومت گرانے میں سعودی عرب بھی شامل تھا۔

شیعہ نیوز: پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت سے اظہار لاتعلقی کر دیا۔ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار بارے بیان پر اظہار لاتعلقی کیا گیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی ایماء پر بطور مرکزی ترجمان جماعت کے رہنما شیر افضل مروت کے رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں پیش کردہ خیالات کو حقائق سے یکسر منافی قرار دیکر ان سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتا ہوں۔ ترجمان نے کہا کہ شیر افضل مروت کے خیالات پاکستان تحریک انصاف کی حکمتِ عملی یا مؤقف کی کسی طور پر بھی غمازی کرتے ہیں نہ انہیں حقیقت پر مبنی بیان سمجھتے ہیں۔ یہ کلیتاً ان کی ذاتی رائے تو ہو سکتی ہے، جسے کسی سطح پر بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت یا کارکنان کی تائید و توثیق حاصل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا شمار پاکستان کے نہایت قریبی اور بااعتماد برادر اسلامی ممالک میں ہوتا ہے، جس کی حکومت اور عوام سے پاکستان کے تعلقات کو بانی چیئرمین عمران خان، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے مابین باہمی احترام، اعتماد اور برادرانہ اخوت کا رشتہ قائم ہے، جسے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ کثیرالجہتی مفادات کے امین اور لائقِ تحسین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران اور افغانستان کیلئے امریکہ کو بلوچستان میں اڈے مل گئے ہیں، شیر افضل مروت

ترجمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ماضی اور حال کیطرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے مابین قریبی اشتراک اور بھائی چارے کے فروغ کی خواہاں اور سعودی قیادت و عوام کی فلاح و ترقی کے حوالے سے نیک تمنّاؤں کے اظہار کیساتھ اس ضمن میں بطور جماعت اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے دعویٰ کیاتھا کہ عمران خان کی حکومت گرانے میں سعودی عرب بھی شامل تھا۔ جی ٹی وی پر غریدہ فاروقی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ رجیم جینج آپریشن میں امریکہ کیساتھ ساتھ سعودی عرب بھی شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور افغانستان کیلئے امریکہ کو بلوچستان میں دو اڈے دے دیئے ہیں۔

شیر افضل مروت نے کہاتھا کہ پاکستان میں رجیم چینج میں صرف امریکہ ملوث نہیں تھا بلکہ سعودی عرب نے بھی اس معاملے میں اہم کردار کیا تھا۔ خیال رہے کہ شیر افضل مروت کی جانب سے یہ بیان اسے وقت میں سامنے آیا تھا کہ جب سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد وزیر خارجہ کی سربراہی میں پاکستان کے دورہ پر آیا ہوا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button