
حکومتی پالیسیوں سے غربت نہیں غریب ختم ہو جائیں گے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پنجاب سید حسن کاظمی نے حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیا سال ابھی شروع ہی ہوا تھا کہ موجودہ حکومت نے پاکستانی غریب عوام پر نئے سال کے پہلے ہی دن پیٹرول بم گرا دیا، نئے سال کے پہلے ہی دن فی لیٹر 3 روپے 10 پیسے کا اضافہ غریب عوام کی کمر توڑ دینے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں آنے سے قبل یہ اعلان کیا تھا کہ تبدیلی کے بعد ملک سے غربت کا ختم ہو جائے گا، مہنگائی کی حالیہ صورتحال کے بعد یہ بات بلکل واضح ہو جاتی ہے کہ غربت کا چاہے خاتمہ ہو نہ ہو غریب عوام کا حتماً خاتمہ ہو جائے گا۔
لاہور میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان اگر غربت سے دوچار پاکستانی عوام کے خیر خواہ ہیں تو بجائے پیٹرول، ایل پی جی اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کرنے کے انہیں کم کرنے کی کوشش کریں اور نئے پاکستان کو فائدہ مند پاکستان ثابت کریں وگرنہ اس ہی رفتار سے مہنگائی ہوتی رہی تو عوام پرانے پاکستان میں ہی اپنی بقاء تلاش کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔