
پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان کی علامہ شہنشاہ حسین نقوی سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے وفد کے ہمراہ مسجد و امام بارگاہ باب العلم میں علامہ شہنشاہ نقوی سے ملاقات کی۔ وفد میں جنرل سیکریٹری کراچی و رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سعید آفریدی، پی ٹی آئی رہنما عمران صدیقی، توقیر احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
پی ٹی آئی وفد نے علامہ شہنشاہ نقوی کی عیادت کی۔ پی ٹی آئی وفد کے وفد نےعلامہ شہنشاہ نقوی کی صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ خرم شیر زمان نے علامہ شہنشاہ نقوی سے لاک ڈاؤن کے پیش نظر امام بارگاہوں کو درپیش مسائل بھی دریافت کیے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ علامہ شہنشاہ نقوی نے ہمیشہ بھائی چارے، محبت اور امن کا درس دیا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ علامہ شہنشاہ نقوی کا دین کے خدمتگاروں میں اعلیٰ نام ہے، علامہ صاحب نے شہداء کربلا کی قربانیوں کو ہمارے لئے ہمیشہ مشعل راہ بناکر پیش کیا، آج کورونا کی صورتحال میں ہمیں بلاتفریق انسانیت کی خدمت کرنی ہے، موجودہ حالات میں علماء کرام کا بھرپور کردار بہت اہم ہے، رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے وزیراعظم، صدر مملک اور گورنر سندھ کی علماء کرام سے مشاورت جاری ہے، کورونا کی وباء سے پوری قوم مل کر سامنا کررہی ہے، انشاءاللہ ہم جلد ہی اس وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہونگے۔